میثاق جمہوریت میں موجود آئینی عدالتوں کا خواب آج پورا ہوا: وزیراعظم

میثاق جمہوریت میں موجود آئینی عدالتوں کا خواب آج پورا ہوا وزیراعظم 0

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے 27ویں آئینی ترمیم کی قومی اسمبلی سے منظوری پر کہا ہے کہ آج ایوان نے قومی اتحاد کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میثاقِ جمہوریت میں آئینی عدالتوں کے قیام کا جو خواب محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے دیکھا تھا، وہ آج پورا ہو گیا ہے۔

قومی اسمبلی سے آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے تمام اراکینِ اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ “آج کا دن جمہوریت، آئین اور قومی یکجہتی کے استحکام کا دن ہے۔”

شہباز شریف نے کہا کہ “معرکۂ حق کے بعد جب ہم نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز دیا تو پوری قوم نے اس فیصلے کو سراہا۔ اب جب اسے آئین میں شامل کیا جا رہا ہے تو یہ ہمارے ہیروز کو عزت دینے کا عمل ہے۔ دنیا آج پاکستان کو عزت و وقار کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔”

وزیراعظم نے مزید کہا کہ 18ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ میں کسی قسم کی تبدیلی مشاورت کے بغیر نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ “مجھے یقین ہے کہ آج محترمہ بے نظیر بھٹو کی روح کو تسکین ملی ہوگی۔ پاکستان کو آج عسکری اور سفارتی سطح پر وہ مقام حاصل ہوا ہے جو پہلے کبھی نہیں تھا۔”

کالا باغ ڈیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس منصوبے کے مخالف ہیں کیونکہ اس سے وفاق کی وحدت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ “میں ہر اُس فیصلے کے خلاف ہوں جو وفاق کو کمزور کرے۔ ہماری اور بلاول بھٹو زرداری کی سوچ میں کوئی فرق نہیں، اتفاقِ رائے کے بغیر 18ویں ترمیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔”

واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے 27ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کی، جس کے حق میں 234 ووٹ آئے جبکہ صرف 4 اراکین نے مخالفت کی۔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے اس موقع پر ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں