اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے فل کورٹ اجلاس طلب کر لیا ہے، جس کا باقاعدہ ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس 14 نومبر 2025 کو دوپہر 2 بجے سپریم کورٹ میں منعقد ہوگا۔
ایجنڈے کے مطابق فل کورٹ اجلاس میں سپریم کورٹ رولز 2025 میں مجوزہ ترامیم پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔ اجلاس میں ججز سپریم کورٹ کے ضوابط کار، عدالتی طریقہ کار اور انتظامی امور سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایجنڈے میں سینئر ایڈووکیٹس کے اسٹیٹس سے متعلق امور بھی شامل ہیں، جن پر ممکنہ طور پر نئی پالیسی یا ضابطہ تشکیل دینے پر غور کیا جائے گا۔
فل کورٹ اجلاس میں چیف جسٹس کے ساتھ سپریم کورٹ کے تمام ججز شریک ہوں گے، جبکہ متوقع ہے کہ اجلاس میں عدالتی نظام کی بہتری اور عدلیہ کی خودمختاری سے متعلق اہم فیصلے بھی سامنے آئیں۔






