راولپنڈی: وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کی پریکٹس دیکھی اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔
محسن نقوی کے ہمراہ سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے اور وزیر مملکت طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں جانفشانی اور مکمل پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیتے رہیں۔ انہوں نے سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں سے بھی فرداً فرداً ملاقات کی اور پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ:
“آپ کی سکیورٹی ہماری ذمہ داری ہے، آپ کا پاکستان آنا اور یہاں کھیلنا امن کی جیت اور دہشتگردی کی شکست ہے۔ پوری قوم آپ کے خلوص اور دوستی کی قدر کرتی ہے۔”
سری لنکن ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مختلف ممالک میں خدمات انجام دی ہیں مگر پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے دوسرے ون ڈے میچ کی تیاری کے لیے بھرپور پریکٹس کی، جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے آج پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔






