راولپنڈی میں تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل صابرزادہ امام علی عبداللہ رحیم نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے پاک فوج اور تاجک فوج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ گفتگو کے دوران فوجی تربیت، انسدادِ دہشت گردی، علاقائی امن اور استحکام جیسے اہم شعبوں پر بھی اتفاق رائے سامنے آیا۔
تاجک وزیر دفاع نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ علاقائی سلامتی اور استحکام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے کی سلامتی، خوشحالی اور تعاون پر مبنی تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تاجکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔






