دہشت گردوں کے کسی بھی گروپ سے مذاکرات نہیں کریں گے: پاکستان

دہشت گردوں کے کسی بھی گروپ سے مذاکرات نہیں کریں گے پاکستان 0

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے کسی بھی گروپ سے مذاکرات نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان رجیم کی باتیں صرف کھوکھلے دعووں پر مبنی ہیں، جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے مسلسل صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، مگر پاکستان میں سرگرم بیشتر دہشت گرد گروہ افغان سرزمین سے منظم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والوں کے لیے کسی بھی قسم کا نرم گوشہ نہیں ہونا چاہیے۔

طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ پاکستان نے افغان طالبان سے مذاکرات کیے تھے اور اس حوالے سے دوست ممالک کی کاوشوں کو بھی سراہا، تاہم پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ کسی بھی دہشت گرد گروپ سے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان حکام کے دعوے حقیقت سے دور ہیں، اس لیے افغان رجیم کو چاہیے کہ اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ پاکستان توقع رکھتا ہے کہ افغان طالبان اپنے ہاں موجود ٹی ٹی پی کے خلاف مؤثر کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل کو بات چیت اور سفارتی چینلز کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔

بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ اردن کے بادشاہ جلد پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے قریبی اور مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔ ان کے مطابق اس دورے سے پاکستان اور اردن کے تعلقات کی اسٹریٹیجک سمت مزید مضبوط ہوگی اور دونوں ممالک جامع اور وسیع شراکت داری کی جانب بڑھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں