راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بلے باز بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف 115 گیندوں پر سنچری سکور کر کے کرکٹ کے کئی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ یہ بابر اعظم کی ون ڈے کیریئر کی 20 ویں سنچری ہے۔
بابر اعظم نے آخری سنچری 30 اگست 2023 کو نیپال کے خلاف بنائی تھی۔ اس سنچری میں انہوں نے 8 چوکے لگائے اور مجموعی طور پر 136 اننگز میں پاکستان کے لیے 20 ون ڈے انٹرنیشنل سنچریاں مکمل کیں۔
اس سنگ میل کے ساتھ بابر اعظم نے پاکستانی بلے باز سعید انور کا سب سے زیادہ ون ڈے سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر لیا، جس نے 244 اننگز میں 20 سنچریاں سکور کی تھیں۔ مزید یہ کہ بابر اعظم کم اننگز میں 20 سنچریاں مکمل کرنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ (108 اننگز) اور بھارت کے ویرات کوہلی (133 اننگز) شامل ہیں۔






