راولپنڈی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور تین میچوں کی سیریز میں 0-3 سے کلین سویپ حاصل کیا۔ مہمان ٹیم کی جانب سے 212 رنز کا دیا گیا ہدف گرین شرٹس نے 45ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کرلیا۔
پاکستان کی اننگز میں محمد رضوان 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ حسین طلعت نے 42 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ فخر زمان نے 55 اور بابر اعظم نے 34 رنز جوڑے۔ تاہم سلمان آغا 6 اور حسیب اللہ بغیر رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے جیفری وینڈرسے نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہیش تھکشانا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم 46ویں اوور میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سدیرا سماراوکرما 48 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ کپتان کوشال مینڈس نے 34، پاون رتھنا یاکے نے 31، کامل مشارا نے 29 اور پاتھم نسانکا نے 24 رنز اسکور کیے۔ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف اور فیصل اکرم نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔






