پشاور: وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت سے صوبے کے مالی حقوق فوری طور پر فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں، لہٰذا صوبے کے جائز حصے کی ادائیگی میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
بیوٹی فیکیشن پشاور منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ پشاور ہم سب کا شہر ہے اور اسے خوبصورت بنانا مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیٹ ہائیڈل پرافٹ میں خیبرپختونخوا کے 2200 ارب روپے وفاق کے ذمے ہیں، جن کی فوری ادائیگی ناگزیر ہو چکی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے مطابق صوبے کا حصہ 19.4 فیصد بنتا ہے، جس کے تحت کے پی کو 400 ارب روپے ملنے چاہییں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاق صوبے کے ساتھ “سوتیلی ماں” جیسا سلوک بند کرے اور اپنے مالی وعدے پورے کرے۔
وزیرِاعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام نے 90 فیصد مینڈیٹ دے کر ہمیں ذمہ داری سونپی ہے، اور ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ موجودہ حکومت پہلے سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے دکھائے گی۔






