مظفر آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج ہوگی، جس کا باضابطہ ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ ایوان میں جوڑ توڑ عروج پر پہنچ چکا ہے اور سیاسی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔
پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق ان کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کو فارورڈ بلاک کے مزید دو اراکین کی حمایت حاصل ہوگئی ہے، جس کے بعد عددی برتری پیپلزپارٹی کے حق میں مضبوط ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
وزیراعظم انوارالحق کی کابینہ کے وزیر تعلیم دیوان چغتائی نے بھی فریال تالپور سے ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ اسی طرح آزاد جموں و کشمیر کی وزیرِ حکومت پروفیسر تقدیس گیلانی نے بھی انوارالحق سے لاتعلقی اختیار کرلی۔ وہ خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہوئی تھیں۔ اس تازہ پیش رفت کے بعد پیپلزپارٹی کی حمایت یافتہ تعداد بڑھ کر 38 اراکین تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم چودھری انوارالحق کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ پوری قوت کے ساتھ تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے۔ جبکہ تحریک انصاف، مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی نے رائے شماری میں غیرجانبدار رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔






