اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’نشان پاکستان‘ سے نوازا گیا۔ ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے شاہ عبداللہ دوم کو نشان امتیاز پیش کیا۔
تقریب میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، ایڈمرل نوید اشرف، وفاقی کابینہ کے ارکان اور متعدد سفارتکار بھی موجود تھے۔
اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے بھی صدر آصف علی زرداری کو ’’وسام النّہضہ المرصّع‘‘ (Order of the Renaissance) سے نوازا، جو سربراہانِ مملکت اور معزز شخصیات کے لیے مختص کیا جاتا ہے۔
صدر زرداری نے اس اعزاز کو پاکستان اور اردن کے درمیان گہرے احترام، باہمی اعتماد اور دوستی کی علامت قرار دیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دو ریاستی حل کے تحت آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے حمایت کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔






