وزیراعظم نے شالیمار ایکسپریس کی اپ گریڈیشن کے بعد افتتاح کردیا

وزیراعظم نے شالیمار ایکسپریس کی اپ گریڈیشن کے بعد افتتاح کردیا 0

کراچی – وزیراعظم شہباز شریف نے شالیمار ایکسپریس کی اپ گریڈیشن اور کراچی کینٹ اسٹیشن کی جدید تعمیر نو کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نے کہا کہ کینٹ اسٹیشن کی تزئین و آرائش مثالی ہے اور جدید سہولیات مسافروں کے لیے ریلوے کے نئے دور کی علامت ہیں۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیشن کی فرسٹ کلاس اور اکانومی کلاس کی حالت قابلِ دید ہے، جبکہ نئی شالیمار ایکسپریس کو ’’بالکل نئی ٹرین‘‘ کا درجہ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے خودکار ٹکٹ سسٹم، مسافر انتظار گاہ اور ڈائننگ روم کی معیاری اپ گریڈیشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ بہت کامیاب ثابت ہوا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی کبھی روشنیوں کا شہر تھا لیکن ریلوے کا نظام بوسیدہ ہو چکا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وسطی ایشیا تک ریلوے راہداری بحال ہو جائے تو ملکی معیشت کو نئی قوت مل سکتی ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ریلوے کی اپ گریڈیشن کے لیے مطلوبہ فنڈز فوری فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعظم کے مطابق حنیف عباسی کی قیادت میں پاکستان ریلوے جدید نظام کی طرف بڑی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبوں کے ساتھ شراکت داری مثبت نتائج دے رہی ہے اور اس دائرہ کار کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا تک بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ چند برسوں میں پاکستان ریلوے خطے کا بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم بن سکتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے شہر کے لیے انتہائی اہم منصوبہ ہے اور اس کے احیاء کے لیے وفاق اور سندھ حکومت مل کر کام کریں گے۔ ملک بھر کے اسٹیشنوں پر جدید سہولیات کی فراہمی بھی جاری ہے۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ کینٹ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کم وقت میں مکمل کی گئی اور گزشتہ آٹھ ماہ میں ریلوے میں وسیع اصلاحات کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 150 سال بعد روہڑی جنکشن کی اپ گریڈیشن بھی شروع کرنے جا رہے ہیں، جبکہ پرانی عمارتوں کی بحالی کے منصوبے بھی جلد شروع ہوں گے۔
حنیف عباسی نے یقین دہانی کرائی کہ آؤٹ سورسنگ کے عمل میں ملازمین کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کراچی کے شہریوں کو بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے شہریوں کے لیے الیکٹرک بسیں بھی متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
مراد علی شاہ نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت ریلوے کی ترقی کے لیے وفاق کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں