اسلام آباد میں ’’بدلتی دنیا میں پاکستان کا کردار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ عالمی تبدیلیوں کے باوجود پاکستان کا کردار آج بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دیں اور 90 ہزار جانوں کی قربانی دے کر دنیا کو دہشت گردی سے محفوظ بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق پاکستان کی معیشت کو دہشت گردی کی جنگ میں اربوں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا، مگر اس کے باوجود ملک نے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا اور نوجوانوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی پروپیگنڈا کو ناکام بنایا۔
وزیر اطلاعات نے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی آج فعال اور مؤثر ہے۔ سفارتی محاذ پر پاکستان کو اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں اور عالمی سطح پر پاکستان کے بیانیے کو تقویت ملی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے پاکستان کا مؤقف دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ پاکستان میں 14 سال بعد ایس سی او کانفرنس کا کامیاب انعقاد ہوا، جس میں عالمی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غزہ جنگ بندی کے لیے بھی نمایاں سفارتی کوششیں کیں، جبکہ سعودی عرب کے ساتھ تاریخی دفاعی معاہدہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔
ان کے مطابق عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کیا ہے اور حکومتی اقدامات سے ملک کی معاشی بنیادیں مستحکم ہو رہی ہیں۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی اہم کامیابی نے عالمی سطح پر ملک کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔






