باجوڑ میں محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے ایلیٹ فورس اور مقامی پولیس کے ساتھ مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران بڑا دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ خفیہ اطلاع پر دشوار گزار پہاڑی علاقے میں کیے گئے چھاپے میں خودکش حملہ آور اور اس کا سہولت کار گرفتار کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے 3 دستی بم، دیسی ساختہ آئی ای ڈی اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار خودکش حملہ آور افغان شہری ہے جس کی شناخت قیس کے نام سے ہوئی، جو اولسولی چاربولک، ولایت بلخ افغانستان کا رہائشی ہے اور پاکستان میں خودکش حملہ کرنے کی غرض سے آیا تھا۔
دوسرے گرفتار ملزم رفیع اللہ کا تعلق باجوڑ سے ہے جو سہولت کار اور ہینڈلر کے طور پر کام کرتا تھا۔ دونوں ملزمان کو ایک برساتی نالے میں چھپے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ممکنہ نیٹ ورک تک رسائی کے لیے تحقیقات کو وسیع کیا جا رہا ہے۔






