اسلام آباد میں 27ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد اعلیٰ عدلیہ کے اہم اداروں کی تشکیلِ نو مکمل کرلی گئی۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں چیف جسٹس صاحبان کی مشاورت سے سپریم جوڈیشل کونسل، جوڈیشل کمیشن اور پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی میں نئی تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق جسٹس جمال خان مندوخیل کو سپریم جوڈیشل کونسل کا رکن بنا دیا گیا ہے جبکہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سپریم جوڈیشل کونسل کی سربراہی کریں گے۔ چیف جسٹس امین الدین خان کونسل کے دوسرے سینئر رکن ہوں گے، جب کہ جسٹس منیب اختر، جسٹس حسن رضوی اور جسٹس جمال مندوخیل بھی اس کونسل کا حصہ ہوں گے۔
اسی طرح جسٹس عامر فاروق کو جوڈیشل کمیشن کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ مزید برآں، جسٹس جمال خان مندوخیل کو پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا بھی رکن مقرر کردیا گیا ہے۔ نامزدگیاں دونوں چیف جسٹس صاحبان کی مشاورت سے طے کی گئیں۔






