فیصل ممتاز راٹھور نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

فیصل ممتاز راٹھور نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا 0

آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد ہوئی جہاں اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے ان سے حلف لیا۔ تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، فریال تالپور، ارکان اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے 16ویں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ وہ آصف علی زرداری، فریال تالپور اور بلاول بھٹو زرداری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں یہ ذمہ داری ان کے سپرد کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور پیپلز پارٹی نے عوام کے ساتھ نئے سرے سے رشتہ جوڑنے کا عزم کیا ہے۔ فیصل راٹھور نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوج جانوں کی قربانیاں دے کر ملک کا دفاع کررہی ہے۔

گزشتہ روز آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔ ووٹنگ کے دوران 36 اراکین نے ان کے حق میں جبکہ 2 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ یوں وہ موجودہ اسمبلی کے چوتھے اور مجموعی طور پر سولہویں وزیراعظم بن گئے۔

یاد رہے کہ چوہدری انوار الحق کو استعفیٰ دینے کا پیغام دیا گیا تھا تاہم انہوں نے مستعفی ہونے کے بجائے تحریک کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پیپلز پارٹی کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی۔ تحریک سردار جاوید ایوب، چوہدری قاسم مجید اور دیگر نے پیش کی، جبکہ متبادل قائدِ ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام تجویز کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں