خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ملک میں ’’بہت جلد کچھ بڑا ہونے والا ہے‘‘۔ اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کا مقبول رہنما اور ان کی اہلیہ اس وقت جیل میں ہیں جبکہ اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی قائد کی بہنوں کے ساتھ پیش آنے والا مبینہ واقعہ قابلِ تشویش ہے۔
وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ قائد تحریک انصاف اپنے خاندان سمیت ملک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 23 تاریخ کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر انتظامیہ یا پولیس نے انتخابی عمل میں مداخلت کی کوشش کی تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ سہیل آفریدی کے مطابق انتخابی نتائج میں تبدیلی برداشت نہیں کی جائے گی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا کہ انہیں قائد تحریک انصاف سے وفاداری کے باعث 50 سال کی سزا سنائی گئی اور ان پر 766 مقدمات قائم کیے گئے، جن میں قتل اور دہشت گردی کے الزامات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وفاداری ہمیشہ عمران خان کے ساتھ رہے گی۔
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے بھی خطاب میں عمران خان کی بہنوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ سیاسی کارکنوں کے ساتھ ناانصافیوں پر شدید تشویش ہے۔






