راولپنڈی کرپشن کیس میں پولیس حراست سے فرار ہونے والے سابق اے ڈی سی آر سیالکوٹ اقبال سنگھیڑا کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق راولپنڈی پولیس کی خصوصی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا، جس کے بعد اسے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔
اقبال سنگھیڑا کی گرفتاری کے لیے تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جن کی نگرانی ایس پی صدر ڈویژن انعم شیر خان کر رہی تھیں۔ ملزم 13 نومبر کو راولپنڈی سے لاہور منتقلی کے دوران چکری ریسٹ ایریا کے قریب پولیس حراست سے فرار ہو گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق غفلت برتنے پر چار اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا ہے جبکہ ان اہلکاروں کا موبائل ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا ہے تاکہ ملزمان سے ممکنہ رابطوں کی تصدیق کی جا سکے۔ چاروں اہلکاروں کو گزشتہ روز عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھی بھجوا دیا۔
اس کے علاوہ ملزم کے فرار میں استعمال ہونے والی گاڑی کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے مختلف اضلاع کے ایکسائز دفاتر کو مراسلے ارسال کیے گئے ہیں۔ گاڑی کا نمبر مکمل نہ ہونے کے باعث پولیس کو مشکلات کا سامنا ہے۔ این ایچ اے سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے کہ گاڑی موٹروے کے کس ٹول پلازہ سے گزری۔
یاد رہے کہ اقبال سنگھیڑا خلاف اینٹی کرپشن عدالت راولپنڈی میں پیشی کے بعد لاہور جیل منتقلی کے دوران فرار ہوئے تھے، جبکہ اس واقعے پر ملزم کے بھائی سمیت چھ نامعلوم افراد اور چار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔






