کوئٹہ میں سیاسی منظرنامہ تیزی سے بدل رہا ہے، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سینیٹر میر دوستین خان ڈومکی نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں بدانتظامی کے باعث وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے اور تبدیلی اسمبلی کے اندر ہی لائی جائے گی۔
دوستین ڈومکی کے مطابق نیا وزیراعلیٰ بھی پیپلز پارٹی سے ہی ہوگا جبکہ پارٹی کی مرکزی قیادت اس معاملے پر غور کر رہی ہے۔
ادھر پیپلز پارٹی کے پارلیمانی سیکرٹری لیاقت لہڑی نے بھی بلوچستان میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے کہ ایک نیا چہرہ سامنے لایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا وزیراعلیٰ لایا جائے گا جو صوبے کے مسائل حل کرنے کی بہتر صلاحیت رکھتا ہو، کیونکہ ارکان کی اکثریت موجودہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی چاہتی ہے۔






