راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مخالفین بھی جانتے ہیں کہ کام کرنا صرف مسلم لیگ ن کو آتا ہے۔ راولپنڈی میں الیکٹرک بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی اور ترقیاتی کام دیکھ کر خوشی ہوئی، راولپنڈی آج پہلے سے زیادہ خوبصورت نظر آرہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مری سمیت پنجاب بھر میں جتنے بڑے ترقیاتی منصوبے ہوئے، وہ مسلم لیگ ن کی بدولت مکمل ہوئے۔ موٹر وے منصوبوں کا ذکر آتا ہے تو فوری طور پر شریف برادران کے نام ذہن میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ملک کے ڈیفالٹ کی باتیں ہو رہی تھیں، لیکن نواز شریف کی حکومت آتے ہی ملکی ترقی شروع ہو جاتی ہے جبکہ انہیں ہٹانے پر ملک چند سالوں میں پیچھے چلا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخالفین کا کام صرف انتشار اور فتنہ پیدا کرنا ہے، وہ ڈیفالٹ کا انتظار کر رہے تھے مگر اب انہیں شدید مایوسی ہوئی ہے۔ عوام جان چکے ہیں کہ ترقی کے لیے ن لیگ کو ووٹ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملک بھر میں میگا پراجیکٹس مکمل کیے اور سستی ٹرانسپورٹ کی فراہمی یقینی بنائی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر شہری کو برابر سمجھتی ہوں، صوبے میں نئے ہسپتال اور کارڈیالوجی سینٹرز بن رہے ہیں۔ پنجاب کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال جنوری میں فعال ہو جائے گا، جب کہ کینسر، شوگر اور یرقان کے مریضوں کو علاج کی سہولیات ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 20 شہروں میں کارڈیالوجی سینٹر قائم کیے جا رہے ہیں اور سموگ سے بچاؤ کے لیے کیے گئے اقدامات سے ایک سال میں 70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ صوبے کے طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے، جبکہ شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی شہری معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ راولپنڈی میں قلیل مدت میں 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جن میں سے ایک لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کی خواتین کی سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔






