راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنے الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں 17 اور 18 نومبر کو کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک خارجی مارا گیا۔ شمالی وزیرستان کے علاقوں سپین وام اور ذاکر خیل میں بھی کارروائی عمل میں لائی گئی، جہاں مزید 2 خوارج ہلاک ہوئے۔
ترجمان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی ایک اور کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد دہشت گردی کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے۔
سکیورٹی فورسز نے کہا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں اور ویژن عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے باجوڑ، شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، اور ملک دشمن عناصر کے باقی ماندہ ٹھکانوں کا بھی صفایا کیا جائے گا۔






