واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا سعودی عرب کو دنیا کا بہترین اور جدید ترین فوجی نظام فراہم کرے گا۔ واشنگٹن میں امریکہ انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فورم میں دنیا کے بہترین سرمایہ کار موجود ہیں اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ایک شاندار اور باصلاحیت رہنما ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب اب امریکا کا نان نیٹو اتحادی بن چکا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ طے پایا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس دنیا کا سب سے جدید دفاعی سازوسامان موجود ہے، جسے سعودی عرب کو فراہم کیا جائے گا۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا نے ایران کی ایٹمی تنصیبات کو تباہ کیا اور ایران دوبارہ ایسی صلاحیت حاصل نہیں کر سکے گا، تاہم مستقبل میں ایران کے ساتھ معاہدہ ممکن ہے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان آج 270 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے ہوں گے، جبکہ ولی عہد نے ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سعودی عرب کو ایف 35 لڑاکا طیارے دینے کے لیے بھی تیار ہے اور مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے غزہ میں امن قائم کیا، اور دونوں ممالک علاقائی استحکام کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔
سعودی ولی عہد کا امریکی تعاون بڑھانے کا اعلان
اس سے قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی شراکت داری کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ دونوں ممالک دفاع، توانائی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبوں میں بڑے معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی تعاون مزید بڑھایا جائے گا اور مستقبل میں مزید سرمایہ کاری بھی متوقع ہے۔






