خیبرپختونخوا: سکیورٹی فورسز کی 5 کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 30 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا سکیورٹی فورسز کی 5 کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 30 دہشت گرد ہلاک 0

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر خیبرپختونخوا میں پانچ مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 30 خوارج دہشت گرد ہلاک کر دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اسی ضلع میں دہشت گردوں کے ایک اور گروہ کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 11 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

ضلع مہمند میں بھی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 4 خوارج ہلاک ہوئے۔ مزید کارروائیوں میں ضلع لکی مروت میں 2 اور ضلع ٹانک میں 1 دہشت گرد کو مارا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشنز خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے اور علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورک کو توڑنے کا عمل قومی اتفاق رائے کے ساتھ جاری ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کرم میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے اور خیبرپختونخوا میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ان کے عزم کا مظہر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں