پنجاب میں گورننس کا نیا معیار، پہلی بار 120 ارب روپے کی خطیر بچت کا سنگِ میل عبور

پنجاب میں گورننس کا نیا معیار، پہلی بار 120 ارب روپے کی خطیر بچت کا سنگِ میل عبور 0

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں گورننس اور ترقی کا نیا معیار متعارف کر دیا ہے۔ صوبے میں صاف پانی، روزگار، رہائش، سڑکیں اور جدید صنعتی زونز کے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ حالیہ تاریخ میں پہلی بار 120 ارب روپے کی بچت کا سنگِ میل عبور کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب کے تمام محکموں کی 6 گھنٹے طویل کارکردگی جانچ کی گئی، جس میں صوبائی وزراء اور سیکرٹریز نے پراجیکٹس کی تفصیلات، ٹائم لائن اور نتائج پیش کیے۔ مریم نواز شریف نے عوامی خدمت کے بلند ترین اہداف مقرر کیے اور تھل ایکسپریس وے پروجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کیا، جس سے محروم اور دور دراز علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

صوبے میں مجموعی طور پر 30 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکیں تعمیر اور مرمت کی جائیں گی، جبکہ صفائی اور پائیداری کے لیے 100 سال تک چلنے والی خصوصی پلاسٹک سیوریج لائن کا تاریخی منصوبہ شروع کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے ماڈل ویلج پروجیکٹ کے پہلے فیز میں 440 ماڈل ویلجز دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا، جن میں ڈرین، پینے کا صاف پانی، پارک اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر شروع کی جائے گی، جبکہ صوبے میں پہلا سالٹ ویلج اور فارماسیوٹیکل زون بھی قائم کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ جون تک ہر گھر میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، 5500 واٹر فلٹریشن پلانٹس مکمل فنکشنل ہوں اور 19 سے زائد واسا مراکز ہر شہری کے لیے دستیاب ہوں۔ صوبے بھر میں نئی سڑکیں، پل، انڈر پاسز اور چارجنگ انفراسٹرکچر کے قیام کے لیے سروے اور منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

انڈسٹریل زونز میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے اصولی منظوری کے تحت دو سال میں صنعت نہ لگانے پر پلاٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ آسان کاروبار کارڈ اور آسان کاروبار فنانس کے ذریعے 60 ارب روپے کے قرضے اور 110 ہزار کاروبار کی ترقی کے لیے وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں