بھارتی میڈیا جھوٹ کا ماہر، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کر دیا

بھارتی میڈیا جھوٹ کا ماہر، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کر دیا 0

اسلام آباد: بھارتی میڈیا نے آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم چودھری انوار الحق کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کر کے جھوٹے دعوے پھیلائے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے اس پروپیگنڈا مہم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی گودی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے تقریر کے کچھ اقتباسات کو غلط معنی میں پیش کیا۔

چودھری انوار الحق نے آزاد کشمیر اسمبلی میں خطاب کے دوران اپنے دور حکومت اور پاک فوج کی معرکہ حق میں موثر کارروائی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے بھارت کے خلاف معرکہ حق میں اندر گھس کر کارروائی کی، لیکن بھارتی میڈیا نے اس بیان کو حالیہ دہلی دھماکے سے جوڑنے کی کوشش کی اور غلط ترجمہ پیش کیا۔

وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ سابق وزیر اعظم کی تقریر میں دہلی دھماکے سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ بیان معرکہ حق کے دوران پیش آنے والے حالات پر مبنی تھا۔ وزارت نے عوام سے اپیل کی کہ تراشے ہوئے کلپس اور سنسنی خیز سب ٹائٹلز سے گمراہ نہ ہوں اور مکمل تقریروں کے متن کی تصدیق کریں۔

علاوہ ازیں وزارت نے کہا کہ بھارتی گودی میڈیا کی کوششیں اندرونی خلفشار کو دبانے اور پاکستان کے خلاف من گھڑت بیانیہ قائم کرنے کی ناپاک کوشش ہیں، اس لیے سکیورٹی سے متعلق دعوے قبول کرنے سے پہلے شفاف ذرائع سے تصدیق ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں