کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے: وزیراعظم

کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے وزیراعظم 0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معاشی استحکام، روزگار کے نئے مواقع اور آمدن میں اضافے کا انحصار صنعتی ترقی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں، کیونکہ مضبوط صنعت ہی مضبوط معیشت کی بنیاد ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت نجی شعبے کی ’’کمیٹی برائے صنعتی ترقی‘‘ کا پہلا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صنعتی شعبے کو مضبوط بنانے اور پیداوار بڑھانے سے متعلق تفصیلی سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیراعظم نے ان تجاویز کا خیر مقدم کیا اور صنعتکاروں کی محنت کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نجی شعبے کی تجاویز کلیدی اہمیت رکھتی ہیں اور ان پر مبنی ایک جامع عملدرآمدی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستانی کاروباری برادری نے مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہو کر معیشت کو بحرانوں سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملک کی معاشی سمت بہتر ہو رہی ہے اور پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، تاہم مطلوبہ نتائج کے لیے مزید محنت اور یکجہتی درکار ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، جام کمال خان، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، مشیرِ وزیراعظم محمد علی، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، اور صنعتکاروں کے وفد کی قیادت کرنے والے ثاقب شیرازی سمیت دیگر شرکا نے شرکت کی۔

اجلاس کو ملکی صنعت کی مسابقت بڑھانے، خطے کے ممالک کے ساتھ تقابلی جائزہ، سرمایہ کاری میں اضافہ اور پالیسی اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیش کی گئی تجاویز کو معیشت کے دیگر شعبوں کی سفارشات کے ساتھ ملا کر قومی پالیسی فریم ورک میں شامل کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں