فیصل آباد: ملک پور کے علاقے میں واقع کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے خوفناک دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 20 تک پہنچ گئی جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے کے بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی اور قریبی گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں، جس سے جانی نقصان مزید بڑھ گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹیمیں جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور ملبہ ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ اب تک 20 نعشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر بھی موقع پر موجود ہیں اور امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بوائلر پھٹنے سے قریبی گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور فیکٹری مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا، سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی اور کمشنر فیصل آباد سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن کی نگرانی بھی کی۔
ادھر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ دھماکا مبینہ طور پر گیس پائپ لائن پھٹنے سے ہوا۔ ان کے مطابق فیکٹری کے ساتھ ملحقہ گھروں میں رہنے والے شہری زیادہ متاثر ہوئے جبکہ ملک پور میں چار فیکٹریاں ایک دوسرے سے منسلک ہو کر کام کر رہی تھیں، جس سے نقصان کا دائرہ وسیع ہوا۔
تحقیقاتی ٹیموں نے حادثے کے اسباب جاننے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے مزید تفصیلات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہیں، جبکہ ریسکیو اور سول ڈیفنس ٹیمیں متاثرہ مقام پر مسلسل سرگرم ہیں۔






