بھارتی لڑاکا طیارہ تیجس دبئی ایئر شو کے دوران کرتب دکھاتے گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

بھارتی لڑاکا طیارہ تیجس دبئی ایئر شو کے دوران کرتب دکھاتے گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک 0

دبئی: دبئی ایئر شو کے دوران بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ لڑاکا طیارہ تیجس کرتب دکھاتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر وکرم سنگھ ہلاک ہوگئے۔ بھارتی ایئر فورس اور دبئی حکام نے پائلٹ کی ہلاکت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ اپنی صلاحیتوں کا حتمی مظاہرہ کر رہا تھا کہ اچانک تکنیکی خرابی کے باعث نیچے آ کر زمین سے ٹکرا گیا۔ ابتدائی رپورٹوں میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ طیارے میں پہلے ہی تکنیکی خرابیاں موجود تھیں اس کے باوجود اسے ایئر شو میں اڑایا گیا۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائیاں شروع کیں۔ حکام کے مطابق کسی شہری جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دبئی ایئر شو کے بھارتی اسٹال کے باہر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ حادثے کے بعد ایئر شو دیکھنے آئے ہوئے مہمانوں کو نمائش ہال کی جانب واپس منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی دفاعی ماہرین نے اسے بھارت کی دفاعی صنعت کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا ہے۔

چند روز قبل دبئی ایئر شو میں تیجس طیارے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں فیول ٹینک سے تیل کا رساؤ واضح طور پر دیکھا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ دو سال میں تیجس طیارے کے حادثات کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ مارچ 2024 میں بھی تیجس راجستھان کے علاقے جیسلمیر میں پرواز کے دوران کریش ہو کر تباہ ہو گیا تھا۔

تیجس کی پہلی آزمائشی پرواز 2001 میں کی گئی تھی اور یہ بھارت کا لوکل فائٹر جیٹ پروگرام سمجھا جاتا ہے، تاہم متعدد تکنیکی خامیوں اور حادثات نے اس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

دبئی ایئر شو کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی طیارے نے شو کے دوران گر کر تباہ ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس نے عالمی سطح پر بھی تشویش پیدا کر دی ہے۔ بھارتی حکام نے حادثے کی جامع تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں