واشنگٹن: امریکی وفاقی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو واشنگٹن ڈٰی سی میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی سے روک دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق عدالت کے جج نے حکومت کو واضح کیا کہ صدر کسی بھی وجہ سے فوج تعینات نہیں کر سکتے، اس کے لیے قانونی جواز اور مناسب عمل ضروری ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ حکومت کو اس حکم نامے کے خلاف 21 دن کے اندر اپیل دائر کرنے کی اجازت ہے، جس کے بعد فیصلہ حتمی طور پر نافذ العمل ہو جائے گا۔ عدالت نے مؤقف اپنایا کہ شہری علاقوں میں فوج کی تعیناتی ایک انتہائی حساس معاملہ ہے، جو صرف مخصوص قانونی شرائط پوری ہونے پر ہی ممکن ہے۔
فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ عدالت کے اس حکم کو معطل کرنے کی کوئی وجہ موجود نہیں، حکومت کا انتظامی حکم قانونی تھا اور اسے برقرار رہنا چاہیے تھا۔
امریکی سیاسی اور قانونی حلقوں میں اس فیصلے پر بحث جاری ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ شہری آزادیوں اور وفاقی اختیارات کے درمیان توازن کے حوالے سے ایک اہم نظیر ثابت ہو سکتا ہے۔






