دوحہ: رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلا دیش اے نے بھارت اے کو سپر اوور میں شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
بنگلا دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ حبیب الرحمان نے شاندار 65 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ایس ایم مہروب نے 48 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔
جواب میں بھارت نے بھی آخری اوور تک مقابلہ کیا اور 20 اوورز میں 194 رنز بنا کر میچ برابر کر دیا، جس کے بعد فیصلہ سپر اوور پر چھوڑ دیا گیا۔
سپر اوور میں بھارت کی بیٹنگ بالکل ناکام رہی اور پوری اوور میں کوئی رن نہ بنا سکی۔ یوں بنگلا دیش کو جیت کے لیے صرف ایک رن درکار تھا۔
بنگلا دیش کا آغاز بھی اچھا نہ ہوا، پہلی گیند پر یاسر کیچ آؤٹ ہو گئے، مگر اگلی گیند وائیڈ قرار پائی، جس سے ملنے والا ایک ایکسٹرا رن ہی بنگلا دیش کی جیت کے لیے کافی ثابت ہوا، اور یوں وہ فائنل میں پہنچ گیا۔






