نئی دہلی: دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی فضائیہ کے مقامی لڑاکا طیارے تیجس کے گر کر تباہ ہونے سے عالمی سطح پر بھارتی حکومت اور ایوی ایشن انڈسٹری کو سنگین نقصان پہنچا ہے۔ اس حادثے نے نہ صرف مودی حکومت کی ساکھ کو متاثر کیا بلکہ بھارتی فوج کی صلاحیت اور مہارت پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
حادثہ مقامی وقت کے مطابق دو بج کر 10 منٹ پر پیش آیا، جس کے فوراً بعد ہندوستان ایرووناٹکس لمیٹڈ (HAL) کے شیئرز میں زبردست کمی دیکھنے میں آئی اور وہ تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے۔ 560 کروڑ روپے مالیت کا تیجس طیارہ لمحوں میں تباہ ہوگیا، جس کے ساتھ ہی ایوی ایشن کمپنی کے حصص کی قیمت میں گراوٹ نے مالی نقصان کو مزید بڑھا دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ نہ صرف بھارتی فضائیہ کی عالمی ساکھ کو متاثر کرے گا بلکہ بھارتی ایرو ناٹکس انڈسٹری اور معیشت پر طویل مدتی منفی اثرات مرتب کرے گا۔ حادثے کے بعد ملک میں ایوی ایشن سکیورٹی، تربیت اور تکنیکی معیار پر شدید بحث جاری ہے۔






