اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کے بائیکاٹ کا ہمیشہ سیاسی طور پر منفی اثر پڑتا ہے اور ایسے فیصلے جماعتوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کئی اہم حلقوں میں بائیکاٹ کیا جس کا نتیجہ خود اُن کے سامنے آیا۔
عطا تارڑ نے دبئی ایئر شو میں بھارتی طیارے کے گرنے کے واقعے پر بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس حادثے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ آیا یہ تکنیکی خرابی تھی یا کوئی اور وجہ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز نے پنجاب میں اور شہباز شریف نے پورے ملک میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ تیزی سے آگے بڑھایا، جس کی وجہ سے عالمی سطح پر بھی ’’شہباز اسپیڈ‘‘ کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں بائیکاٹ کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی، اور عوامی خدمت ہی اصل سیاست ہے۔






