فیصل آباد میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف سے سیاسی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں مکالمہ ضروری ہوتا ہے اور معاملات بات چیت سے آگے بڑھتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سیاست کے بجائے ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایسا رویہ کسی طور قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ساڑھے چھ ماہ جیل میں رہے اور اس دوران ان کے اہل خانہ اور دو وکلا کے سوا کوئی اُن سے ملنے نہیں آیا، مگر انہوں نے کبھی انتشار کی سیاست نہیں کی۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ فیصل آباد کے حلقے میں کسی پولنگ اسٹیشن سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی، مخالفین کو بھی شکایت کا موقع نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا دور مریم نواز کی قیادت میں شروع ہو چکا ہے اور عوام اس حقیقت کو محسوس کر رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس حلقے سے میرٹ کی بنیاد پر سات انتخابات لڑ چکے ہیں جن میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کی۔ ضمنی انتخابات میں عموماً ٹرن آؤٹ 25 سے 30 فیصد رہتا ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ عوام ایک بار پھر مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں گے۔






