غزہ میں اسرائیلی حملے شرم الشیخ امن معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں: پاکستان

غزہ میں اسرائیلی حملے شرم الشیخ امن معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں پاکستان 0

اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے غزہ میں اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سے معصوم فلسطینیوں پر وحشیانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں بے گناہ بچے اور خواتین شہید و زخمی ہو رہے ہیں، جو بین الاقوامی قوانین اور حالیہ امن معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ حملے نہ صرف امن کی کوششوں کو سبوتاژ کر رہے ہیں بلکہ شرم الشیخ میں طے پانے والے امن معاہدے کی بھی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ حکومت پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ اسرائیل کو دیے گئے استثنیٰ اور اس کی جانب سے جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی پاسداری کے لیے فوری عملی اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ معصوم فلسطینیوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔

ترجمان نے ایک بار پھر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آزاد اور بااختیار فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے، جس کی سرحدیں آزاد ہوں اور جس کا دارالحکومت القدس ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں