لاہور: پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے واضح برتری حاصل کرلی ہے۔ پارٹی کے امیدوار مختلف قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں کامیاب قرار پائے، جبکہ پیپلز پارٹی کو صرف ایک حلقے میں فتح نصیب ہوئی۔ لیگی کارکنوں نے جیت کا جشن دھوم دھام سے منایا، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور شیر آیا کے نعرے بلند کیے گئے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 میں حافظ میاں نعمان نے 63,441 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جب کہ آزاد امیدوار ارسلان احمد 29,099 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ این اے 104 فیصل آباد میں دانیال احمد 52,791 ووٹ لے کر جیت گئے، جبکہ رانا عدنان جاوید 19,262 ووٹ حاصل کر سکے۔ این اے 18 ہری پور میں بابر نواز خان نے 163,996 ووٹ لے کر فتح حاصل کی، اور آزاد امیدوار شہر ناز عمر ایوب 120,220 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ این اے 185 ڈیرہ غازی خان 2 میں محمود قادر خان نے 82,413 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، پیپلز پارٹی کے دوست محمد کھوسہ 48,262 ووٹ لے سکے۔ چیچہ وطنی کے این اے 143 میں طفیل جٹ 136,313 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ آزاد امیدوار ضرار اکبر 13,120 ووٹ لے سکے۔ این اے 96 فیصل آباد میں محمد بلال بدر 93,009 ووٹ لے کر جیت گئے، نواب شیر وسیر 43,025 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بھی مسلم لیگ ن کا بول بالا رہا۔ پی پی 73 سرگودھا میں میاں سلطان علی رانجھا 71,770 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ پی پی 87 میانوالی میں علی حیدر نور خان نیازی 67,870 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر آئے۔ پی پی 98 فیصل آباد میں آزاد علی تبسم 44,388 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ پی پی 115 فیصل آباد 18 میں محمد طاہر پرویز 49,046 ووٹ لے کر جیت گئے۔ پی پی 116 فیصل آباد 19 میں احمد شہریار 48,824 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔ پی پی 203 چیچہ وطنی میں چودھری حنیف جٹ 46,820 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ پی پی 269 مظفر گڑھ میں پیپلز پارٹی کے میاں علمدار عباس قریشی 55,868 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے۔






