کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھارتی وزیر دفاع کے سندھ سے متعلق بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے سفارتی طور پر غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع تاریخ سے ناواقف ہیں اور بے بنیاد بیانات دے کر اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ اپنی اندرونی تقسیم اور مسائل پر توجہ دے، پاکستان کے بارے میں خواب دیکھنا بند کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ نے قیامِ پاکستان سے قبل 1936 میں بمبئی پریذیڈنسی سے علیحدہ ہو کر اپنی واضح شناخت قائم کی تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام ہمیشہ اپنی خودمختاری، وقار اور سیاسی شناخت کو ترجیح دیتے آئے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ “سندھ پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، کل بھی پاکستان کا حصہ تھا، آج بھی ہے اور ہمیشہ رہے گا۔”






