لاہور: پاکستان اور سعودی عرب کی وزارت انصاف کے درمیان عدالتی تربیت، قانونی اصلاحات اور شعبۂ انصاف میں تکنیکی تعاون کے لیے ایک تاریخی مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ یہ معاہدہ ریاض میں منعقدہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے انصاف کے موقع پر کیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ دو روزہ عالمی کانفرنس ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس میں 40 سے زائد ممالک کے وزراء، قانونی ماہرین اور عہدیداران نے شرکت کی۔
کانفرنس میں عدالتی معیار، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور انصاف کے نظام میں جدید تعاون کے امکانات پر غور کیا گیا۔ اس دوران سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے مختلف ممالک کے وزراء اور وفود سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے اس ایم او یو کے تحت دونوں ممالک عدالتی تربیت، قانون سازی میں بہتری، ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکنالوجی کے استعمال میں مل کر کام کریں گے۔ معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان قانونی اور عدالتی تعاون کے نئے باب سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔






