لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ ضمنی انتخابات دراصل عوامی ریفرنڈم تھے، جن میں مسلم لیگ (ن) نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ “قیدی نمبر 804 کو گھر میں گھس کر شکست دی، جب عوام ساتھ ہوں تو کوئی بھی سیاسی جماعت الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرتی۔”
صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے تحریک انصاف کی جانب سے بائیکاٹ کے بیانیے پر شدید تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عجیب منطق ہے، “جب ہار جائیں تو کہتے ہیں بائیکاٹ تھا، جب دھاندلی ہوتی ہے دنیا دیکھتی ہے، لیکن آج غیر ملکی پبلی کیشنز لکھ رہی ہیں کہ پنجاب جادو ٹونے پر چلتا تھا۔” انہوں نے کہا کہ جادو ٹونے سے وقتی فائدہ تو ہو سکتا ہے لیکن مستقل کامیابی عوام کے فیصلے سے ہی ملتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی قید کے دنوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں نواز شریف سے ہفتے میں صرف ایک بار 20 منٹ ملاقات کی اجازت ملتی تھی، جبکہ ان کی کم عمر بیٹی کو بھی ملاقات سے روکا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ “مجھے والدہ کی وفات کی خبر بھی جیل میں ملی لیکن پھر بھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا۔” ان کے مطابق تحریک انصاف آج اپنے ہی اعمال کا نتیجہ بھگت رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ “ملک پر حملہ کرنے والوں کے گلے میں پھولوں کے ہار نہیں ڈالے جاتے، جس دن پی ٹی آئی نے ریاست پر حملہ کیا اُس دن سے ان کا زوال شروع ہوا۔” انہوں نے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی کارکردگی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہاں کرپشن کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، بیانیے سے عوام کے پیٹ نہیں بھرتے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے وسائل اور دل کے دروازے کھول رہے ہیں، کیونکہ وہاں برسوں تک صرف الزام تراشی کی سیاست کی گئی جس نے صوبے کو پسماندگی کی طرف دھکیل دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے قیدی نمبر 804 کے نام پر الیکشن لڑا مگر شکست ان کا مقدر بنی۔ انہوں نے ضمنی انتخابات میں ملنے والی کامیابی کو نواز شریف اور پنجاب و خیبرپختونخوا کے عوام کے نام کیا۔






