اسرائیل کا لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملہ، حزب اللہ چیف آف سٹاف قتل

اسرائیل کا لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملہ، حزب اللہ چیف آف سٹاف قتل 0

بیروت: اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات میں فضائی حملہ کرتے ہوئے حزب اللہ کے چیف آف سٹاف ہيثم طبطبائى اور ان کے پانچ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے اس کارروائی کے احکامات جاری کیے، جس کا مقصد حزب اللہ کی عسکری بحالی اور ہتھیار جمع کرنے کی کوششوں کو روکنا بتایا گیا۔

عرب میڈیا اور حزب اللہ نے بھی حملے کی تصدیق کی۔ سینیئر رہنما محمد محمد قمتی نے کہا کہ اسرائیل نے سرخ لکیر عبور کی ہے اور جوابی کارروائی پر غور جاری ہے۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق حملے میں 28 شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔

حملہ بیروت کے جنوبی مضافات کی ایک مرکزی سڑک پر ہوا، جہاں مقامی لوگوں نے دھماکے سے پہلے طیاروں کی گرج سنی۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے کابینہ کے اجلاس سے قبل کہا کہ اسرائیل متعدد محاذوں پر دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔

نومبر میں اسرائیل نے جنوب لبنان میں فضائی حملے تیز کر دیے تھے، جن کا مقصد سرحدی علاقوں میں حزب اللہ کی عسکری موجودگی کو محدود کرنا تھا۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے سرحدی علاقے میں اپنی عسکری تعیناتی کم کر دی تھی اور لبنان کی فوج کی وہاں تعیناتی کے تقاضوں پر عمل کیا تھا۔

امریکی ذرائع کے مطابق اسرائیل نے حملے سے قبل واشنگٹن کو اطلاع نہیں دی، تاہم حملے کے فوری بعد امریکی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا۔ لبنان کے صدر جوزف عون نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی حملوں کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرے اور لبنان و اس کے عوام کی حفاظت یقینی بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں