واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگوسے متعلق سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق اس گفتگو میں یوکرین-روس جنگ، فینٹانائل، سویابین اور دیگر زرعی امور سمیت اہم بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ “ہم نے اپنے عظیم کسانوں کے لیے ایک اہم اور مثبت معاہدہ کیا ہے، اور چین کے ساتھ ہمارا تعلق انتہائی مضبوط ہے۔” انہوں نے مزید بتایا کہ یہ گفتگو جنوبی کوریا میں حالیہ ملاقات کے فالو اپ کے طور پر ہوئی۔
صدر ٹرمپ نے شی جن پنگ کی اپریل میں بیجنگ آمد کی دعوت قبول کرنے اور چینی صدر کو امریکہ کے ریاستی دورے کی دعوت دینے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اتفاق کیا ہے کہ مستقبل میں مسلسل رابطے اور تبادلہ خیال ضروری ہے۔






