جسٹس ریٹائرڈ یار محمد نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مقرر

جسٹس ریٹائرڈ یار محمد نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مقرر 0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مشاورت اور منظوری کے بعد جسٹس (ریٹائرڈ) یار محمد گلگت بلتستان کے نگران وزیراعلیٰ مقرر کر دیے گئے ہیں۔

جسٹس (ر) یار محمد ضلع ستور کے گاﺅں ناصرآباد سے تعلق رکھتے ہیں اور قانون و عدلیہ کے شعبے میں دہائیوں کا تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کراچی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد تقریباً 15 سال تک گلگت بلتستان میں وکالت کی۔ بعد ازاں فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) کے ذریعے سول جج کے امتحان میں کامیابی حاصل کی اور مختلف عدالتی مناصب پر فائز رہے۔

وہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، چیف کورٹ کے رجسٹرار اور بعد ازاں گلگت بلتستان چیف کورٹ کے جج کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بطور جج انہوں نے آئینی، سول اور انتخابی نوعیت کے اہم مقدمات کی سماعت کی، اور الیکشن ٹریبونل کے رکن کے طور پر انتخابی تنازعات اور نامزدگیوں سے متعلق اپیلوں کی جانچ میں حصہ لیا۔

ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے قانونی شعبے میں بطور مینٹر ’’دی لیگل اکیومن‘‘ کے ساتھ کام جاری رکھا، جہاں وہ نوجوان وکلاء کی رہنمائی اور آئینی و سول معاملات پر مشاورت فراہم کر رہے ہیں۔

نامزدگی کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ جسٹس (ر) یار محمد اپنے وسیع عدالتی تجربے کی بنیاد پر گلگت بلتستان میں شفاف انتخابی عمل اور انتظامی تسلسل کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں