ملتان: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے ٹیم سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ علی ترین نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے یہ فیصلہ فینز کے ساتھ شیئر کیا اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
علی ترین نے کہا کہ “اس ٹیم کا حصہ بننا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا، میں اپنے فینز اور ٹیم سے بے حد محبت کرتا ہوں اور جنوبی پنجاب کی نمائندگی کرنے پر مجھے فخر ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ہر سیزن میں وہ اپنے کھلاڑیوں اور سٹاف کو اس خطے کی نمائندگی کے معنی بتاتے تھے، کیونکہ یہاں کے لوگ سخت محنت کرتے ہیں۔
علی ترین نے وضاحت کی کہ مالی نقصانات کے باوجود وہ کبھی ٹیم سے دور جانے کا سوچتے نہیں تھے، لیکن وہ ہمیشہ اپنے اصولوں پر قائم رہے۔ انہوں نے لکھا کہ اگر انہیں اصولوں سے سمجھوتا کرنا پڑے تو وہ بہتر سمجھتے ہیں کہ ٹیم کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے دیں بجائے اس کے کہ گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اسے چلائیں۔
انہوں نے فینز سے بھی کہا کہ “گڈ بائے، جو بھی اگلے مالک کے طور پر ملتان سلطانز کی ذمہ داری سنبھالے، براہ کرم اس کی حمایت کریں۔”
یہ فیصلہ ایسے وقت آیا ہے جب پی سی بی نے حال ہی میں علی ترین کو معاہدے کی خلاف ورزی اور پی ایس ایل کی شہرت کو نقصان پہنچانے پر نوٹس جاری کیا تھا۔






