ہانگ کانگ کے شمالی علاقے میں ایک کثیرالمنزلہ رہائشی کمپلیکس میں بھڑکنے والی آگ نے تباہی مچا دی۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق آگ کی شدت کو چوتھے درجے میں شمار کیا گیا ہے اور اسے بجھانے کا عمل کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔
افسوسناک واقعے میں اب تک 36 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے، جب کہ آگ پر قابو پانے میں مصروف کئی فائر فائٹرز زخمی بھی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت میں کئی لوگ اب بھی پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کارروائی کر رہی ہیں۔ حکام کے مطابق تقریباً 700 افراد کو فوری طور پر عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
متاثرہ رہائشی کمپلیکس مجموعی طور پر 8 بلاکس پر مشتمل ہے، ہر بلاک 31 منزلوں پر کھڑا ہے۔ کمپلیکس میں تقریباً 2 ہزار اپارٹمنٹس ہیں جن میں 5 ہزار کے قریب افراد مقیم تھے۔
حکام نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔






