برازیل کے سابق صدر بولسونارو کی بغاوت کیس میں سزا پر عمل درآمد شروع

برازیل کے سابق صدر بولسونارو کی بغاوت کیس میں سزا پر عمل درآمد شروع 0

براسیلیا میں برازیل کے سابق صدر جائر بولسونارو کے خلاف بغاوت کی منصوبہ بندی کے مقدمے میں سنائی گئی سزا پر باضابطہ طور پر عمل درآمد شروع ہوگیا۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق 70 سالہ بولسونارو کو فیڈرل پولیس ہیڈکوارٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ اپنی قید کے ایام گزاریں گے۔ انہیں ہفتے کے روز سخت سیکیورٹی میں وہاں لایا گیا۔

بولسونارو اس سے قبل اگست سے گھر میں نظر بند تھے۔ یہ واقعہ برازیل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی سابق صدر کو بغاوت کے الزام میں سزائے قید دی گئی ہو۔ سپریم کورٹ نے 2022 کے سیاسی بحران کے دوران حکومت کا تختہ الٹنے کی مبینہ سازش پر انہیں 27 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق بولسونارو پر جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے، ریاستی سازش میں کردار ادا کرنے، سرکاری املاک کو تباہ کرنے اور ایک تاریخی ورثے کو نقصان پہنچانے جیسے الزامات ثابت ہوئے۔

سابق صدر کو مجموعی طور پر 27 سال اور 3 ماہ قید کی سزا دی گئی تھی، تاہم اپیل کے لیے ملنے والی مہلت کے باعث سزا کچھ عرصے تک نافذ نہیں کی گئی تھی۔ اب عدالت کی ہدایات کے بعد سزا پر عمل درآمد کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں