نئی دہلی میں کھیلی جانے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو اس کی ہی سرزمین پر 0-2 سے وائٹ واش کر کے شاندار کامیابی حاصل کی۔ بھارتی ٹیم، جسے اکثر گھریلو حالات میں ناقابلِ شکست سمجھا جاتا ہے، اس بار مہمان ٹیم کی بہترین کارکردگی کے سامنے مکمل طور پر بے بس دکھائی دی۔
549 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں بھارت دوسری اننگز میں محض 140 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں بھی صرف 201 رنز تک محدود رہی۔ جنوبی افریقہ کی بولنگ لائن نے دونوں اننگز میں بھارتی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔
مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 489 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جبکہ دوسری اننگز 260 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے بھارت کو مجموعی طور پر 408 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی۔ جنوبی افریقی بیٹرز نے دونوں اننگز میں بہترین تکنیک اور اعتماد کا مظاہرہ کیا۔
یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو 30 رنز سے شکست دی تھی۔ اس تاریخی سیریز جیت کے ساتھ 25 سال بعد جنوبی افریقہ نے ایک بار پھر بھارتی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی، اس سے قبل وہ یہ کارنامہ سنہ 2000 میں انجام دے چکا ہے۔






