اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حالیہ ضمنی انتخابات میں ووٹرز کے ٹرن آؤٹ سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں، جن کے مطابق مجموعی ٹرن آؤٹ 28.58 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقوں میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ این اے 18 ہری پور میں دیکھا گیا، جہاں ووٹرز کی شمولیت 42.9 فیصد رہی۔ اسی طرح این اے 185 میں ٹرن آؤٹ 32.61 فیصد اور این اے 96 فیصل آباد میں 26.46 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق این اے 143 ساہیوال میں ووٹر ٹرن آؤٹ 21.43 فیصد، این اے 129 لاہور میں 18.67 فیصد رہا جبکہ این اے 104 فیصل آباد میں ٹرن آؤٹ سب سے کم 13.23 فیصد ریکارڈ ہوا۔
پنجاب اسمبلی کے حلقوں میں پی پی 269 مظفرگڑھ نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 50.82 فیصد کے ساتھ سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ حاصل کیا۔ اسی طرح پی پی 98 فیصل آباد میں 36.82 فیصد, پی پی 73 سرگودھا میں 34.45 فیصد اور پی پی 87 میانوالی میں 27 فیصد ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
دیگر حلقوں میں پی پی 116 فیصل آباد میں ٹرن آؤٹ 22.94 فیصد جبکہ پی پی 203 ساہیوال میں 22.4 فیصد رہا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر عوام نے جمہوری عمل میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا، تاہم بعض شہروں میں ٹرن آؤٹ توقع سے کم ریکارڈ ہوا۔






