وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کا 7 دسمبر کو پشاور میں جلسے کا اعلان

وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کا 7 دسمبر کو پشاور میں جلسے کا اعلان 0

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے سلسلے میں بھرپور سیاسی سرگرمیوں کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر منگل کو اسلام آباد میں اراکین اسمبلی احتجاج کریں گے، جبکہ 7 دسمبر کو پشاور میں بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔

پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ آج کا دن ہماری جماعت کے لیے دکھ اور تکلیف سے بھرپور ہے، کیونکہ پرامن کارکنان پر تشدد اور فائرنگ کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا، طاقت ور طبقہ عوام کو کمزور سمجھ کر ان کے حقوق دباتا رہتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچھ عناصر ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی نہیں چاہتے، عدلیہ کو مفلوج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ آئین کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کو بھی کارکنان پرامن تھے اور آئندہ بھی تحریک امن کے راستے پر چلے گی۔

سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ ہر منگل کو وہ اراکین اسمبلی جو عمران خان کے ٹکٹ پر ایوان میں پہنچے، اسلام آباد میں احتجاج میں شرکت کریں گے، جو رکن غیر حاضر ہوا اسے پارٹی کی جانب سے ملامت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ہر جمعرات کو اڈیالہ جیل جائیں گے اور عمران خان سے ملاقات تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ 7 دسمبر کو پشاور میں ہونے والا جلسہ ایک اہم لائحہ عمل کا حصہ ہے اور کارکنان پر واضح کیا کہ اس بار کسی کو بھی عوام پر گولیاں چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں