راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے اہم ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، دوطرفہ تعاون اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ علاقائی حالات، بالخصوص سکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مضبوط اور مستقل عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعاون انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بدلتی ہوئی جیو اسٹریٹجک صورتحال کے تناظر میں سٹریٹجک شراکت داری کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
ایرانی سیکرٹری علی لاریجانی نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط مکالمہ اور شراکت داری علاقائی مسائل سے نمٹنے اور دیرپا استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے پاک ایران تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔






