علیمہ خان کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر عدالتی تحویل سے جانے کی اجازت

علیمہ خان کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر عدالتی تحویل سے جانے کی اجازت 0

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر کے احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو عدالت سے جانے کی اجازت دے دی۔ قبل ازیں عدالت نے علیمہ خان کو عارضی عدالتی تحویل میں لینے کا حکم دیا تھا۔

عدالت میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت علیمہ خان نے استدعا کی کہ ان کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، لہٰذا انہیں جانے کی اجازت دی جائے۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ کریمنل پروسیجر کی سیکشن 351 کے تحت ملزمہ عدالتی تحویل میں ہیں۔

عدالت کے باہر نکلتے ہی خواتین پولیس اہلکار علیمہ خان کو دوبارہ تحویل میں لے کر عدالت میں لائے گئے۔ بعد ازاں عدالت نے علیمہ خان کو جانے کی اجازت دیتے ہوئے ان کی جانب سے جمع کرائے گئے دو مچلکے 10،10 لاکھ روپے کے منظور کر لیے۔ مقدمے میں تاخیری حربے استعمال کرنے پر 8 گواہوں کو 10،10 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔

عدالت نے وکلا کی استدعا پر سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔ یہ واضح رہے کہ علیمہ خان کی جانب سے ضمانت کے لیے جمع کرائے گئے دو مچلکے گزشتہ سماعت پر عدالت کی ہدایت کے مطابق جمع کرائے گئے تھے، جبکہ عدالت نے 26 نومبر کے مقدمے میں متعدد بار علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں