ٹرائی نیشن سیریز: سری لنکا نے پاکستان کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

ٹرائی نیشن سیریز سری لنکا نے پاکستان کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا 0

ٹرائی نیشن سیریز کے اہم گروپ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنا لی۔ 185 رنز کے تعاقب میں پاکستان مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز ہی بنا سکا۔

کپتان سلمان علی آغا نے 44 گیندوں پر 63 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، لیکن وہ ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔ عثمان خان نے 33 رنز جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے 27، 27 رنز بنائے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان 9، فہیم اشرف 7، فخر زمان 1 اور بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کے بولرز نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ دشمانتھا چمیرا نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں، ایشان ملنگا نے 2 جبکہ ہاسارنگا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔ کامل مشارا 48 گیندوں پر 76 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اننگ میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ کوشال مینڈس نے 40، جبکہ کپتان شناکا نے 17 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 2 جبکہ سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا تھا، جبکہ سری لنکا نے اس فتح کے ساتھ زمبابوے کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ اب فائنل میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 29 نومبر کو شام چھ بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں