یو اے ای کی پاکستانی شہریوں کے ویزوں پر مبینہ پابندیوں کی تردید

یو اے ای کی پاکستانی شہریوں کے ویزوں پر مبینہ پابندیوں کی تردید 0

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا پابندیوں سے متعلق گردش کرتی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ یو اے ای کے سفارتکار کے مطابق پاکستانیوں کے لیے تمام کیٹگریز میں ویزوں کا اجرا معمول کے مطابق جاری ہے اور کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی۔

سفارتکار کا کہنا تھا کہ اماراتی حکومت نے تمام ممالک کے لیے ایک مربوط ویزا نظام نافذ کیا ہے۔ بعض پاکستانی ٹریول ایجنٹس کی جانب سے ویزا درخواست دہندگان کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کی گئی، جس کے باعث اماراتی حکام اور ویزا ہولڈرز دونوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اماراتی حکومت نے اس ٹیمپرنگ سے پاکستانی حکام کو آگاہ کر دیا ہے، جبکہ شفافیت بڑھانے کے لیے بائیومیٹرک نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ یو اے ای میں اس وقت تقریباً 22 لاکھ 70 ہزار پاکستانی مقیم ہیں، جن میں معمولی نوعیت کے معاملات سے جڑے پاکستانیوں کو ریکارڈ درست کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا ہے۔

یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ سلمان چوہدری نے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا تھا کہ یو اے ای پاکستانیوں کے ویزے روک رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب اور یو اے ای، پاکستانی پاسپورٹ پر پابندی کے قریب پہنچ گئے تھے لیکن آخری لمحے پر اس فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے۔

یو اے ای کی حالیہ تردید کے بعد پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا اجرا معمول کے مطابق جاری رہنے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں